’ہم سے اربوں ڈالر لیتے ہیں اور پھر بھی ہمارے خلاف ووٹ‘

0 30

صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی اقوام متحدہ میں اس کے خلاف ووٹ دینے والے ممالک کی امداد روکنے کی دھمکی.

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دھمکی دی ہے کہ یروشلم کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کے امریکی فیصلے کے خلاف اقوام متحدہ میں پیش کی جانے والی قرارداد کی حمایت کرنے والے ممالک کی مالی امداد روک لی جائے گی.

وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ ’وہ ہم سے ہزاروں لاکھوں ڈالر اور یہاں تک کہ اربوں ڈالر لیتے ہیں اور اس کے بعد بھی ہمارے خلاف ووٹ دیتے ہیں۔ اچھا تو ہم دیکھ رہے ہیں اس ووٹنگ کو، انھیں ہمارے خلاف ووٹ دینے دیں، ہم بہت سے پیسے بچا لیں گے، ہمیں پروا نہیں۔

ان کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں آیا ہے جب یروشلم کے بارے میں امریکی اعلان کے بعد جمعرات کو عرب اور مسلمان ممالک کی درخواست پر اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں 193 رکن ممالک خصوصی ہنگامی اجلاس کر رہے ہیں۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں یروشلم کے حوالے سے امریکی فیصلے کے خلاف قرارداد پیش کی جانے والی ہے۔ قرارداد کے مسودے میں امریکہ کا نام تو نہیں لیا گیا تاہم یہ کہا گیا ہے کہ یروشلم کے بارے میں ہر فیصلے کو ختم کیا جائے۔

اس سے قبل امریکہ کا کہنا تھا کہ اس کے یروشلم کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کے خلاف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں ہونے والی ووٹنگ کے دوران وہ ’ان ممالک کے نام لیں گے‘ جو ان کے خلاف گئے۔

اقوام متحدہ میں امریکہ کی سفیر نکی ہیلی نے رکن ممالک کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ’صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ان سے کہا ہے کہ وہ انھیں ہمارے خلاف ووٹ دینے والوں کے بارے میں رپورٹ کریں۔‘

خیال رہے کہ گذشتہ دنوں امریکہ نے یروشلم کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلم کرنے کا اعلان کیا تھا۔ امریکہ کے اس فیصلے کی وجہ سے اسے دنیا بھر سے تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

شہر کا مشرقی حصہ اسرائیل کے قبضے میں ہے جبکہ اس سے قبل یہ علاقہ اردن کے قبضے میں تھا۔

فلسطینی مشرقی یروشلم پر اس کی مستقبل کی ریاست ہونے کا دعویٰ کرتے ہیں اور اس کی حتمی حیثیت کے بارے میں امن مذاکرات کے آئندہ مراحل میں بات چیت ہوگی۔

loading...
بشکریہ بی بی سی اردو
یہ بھی ضرور پڑھیں