عاطف اسلم کے نئے گانے’جب کوئی بات’ نے دھوم مچادی

0 1,072

گلوگار عاطف اسلم کی آواز کا جادو صرف پاکستان میں ہی نہیں، پڑوسی ملک میں بھی سر چڑھ کر بولتا ہے، جنہوں نے کئی بالی وڈ فلموں کے لیے گانے گائے اور اپنا لوہا منوایا۔

اور اب 1990 میں ریلیز ہونے والی بالی وڈ فلم ‘جرم’ کے مشہور زمانہ گانے ‘جب کوئی بات بگڑ جائے’ کے ریمیک کے ساتھ عاطف اسلم کی واپسی ہوئی ہے، جو انہوں نے بھارتی گلوگاروں شرلی سیٹیا اور ڈی جے چیتاز کے ساتھ مل کر گایا ہے، جس کی پروڈکشن وینس ورلڈ وائڈ انٹرٹینمنٹ نے کی ہے۔

6 فروری کو ریلیز ہونے والے اس گانے کی ویڈیو یوٹیوب ٹاپ لسٹ میں شامل ہے اور اسے دو دن کے اندر اندر 11 ملین سے زائد مرتبہ دیکھا جا چکا ہے۔

واضح رہے کہ فلم ’جرم‘ میں شامل کلاسیکل گانا ’جب کوئی بات بگڑ جائے‘ ونود کھنا اور میناکشی شیشادری پر فلمایا گیا تھا، جو آج بھی سماعتوں میں رس گھولتا ہوا محسوس ہوتا ہے۔

دیگر گلوگاروں کے ساتھ گائے گئے عاطف اسلم کے اس گانے نے بھی سننے والوں کو تو متاثر کیا ہی، لیکن اس کی ویڈیو بھی دیکھنے کے لائق ہے۔

ویڈیو کے لیے تینوں گلوگاروں نے تھائی لینڈ میں ہونے والی ایک شادی پر اچانک دھاوا بولنے کا منصوبہ بنایا اور دلہا دلہن سمیت سب لوگوں کو حیران کردیا۔

اب یہ تو واضح نہیں کہ یہ شادی حقیقی تھی یا ویڈیو کے لیے سیٹ لگایا گیا، لیکن اس میں موجود افراد کے چہروں کے تاثرات سے لے کر اس کی عکس بندی تک سب کچھ شاندار ہے۔

ہم تو اس گانے کے مداح ہوگئے ہیں، یقیناً آپ کو بھی یہ اچھا لگے گا۔

loading...
بشکریہ جیو نیوز
یہ بھی ضرور پڑھیں