ویرات کوہلی اور انوشکا شادی کے بندھن میں بندھ گئے

0 659

میلان: کئی دنوں سے جاری رہنے والی قیاس آرائیاں بالآخر ختم ہوگئیں، بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی اور اداکارہ انوشکا شرما اٹلی میں شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔

بھارتی میڈیا میں دونوں کی شادی کی خبریں گزشتہ کئی روز سے زیر گردش تھیں لیکن ابتداء میں ویرات اور انوشکا کے ترجمان کی جانب سے خبروں کی تردید کی گئی تھی البتہ اب دونوں نے باضابطہ طور پر شادی کا اعلان کردیا ہے۔

فوٹو : سوشل میڈیا

انوشکا شرما اور ویرات کوہلی کی شادی کی تقریبات اٹلی کے شہر میلان کے مہنگے ترین ریزورٹ میں جاری ہیں جہاں ’’بوگو فینو چیتو‘‘ ریزورٹ پر انوشکا اور ویرات رشتہ ازدواج سے منسلک ہوئے۔

شادی کی تقریب میں خاندان اور قریبی دوست شریک ہیں جب کہ دونوں کی شادی ہندو رسم و رواج کے مطابق کی گئی ہے جس کے بعد پنجابی رسم و رواج سے بھی شادی ہوگی۔


انوشکا اور ویرات نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر اپنے مداحوں کو یہ خوشخبری سنائی اور ساتھ ہی پہلی بار اپنی شادی کی تصاویر بھی شیئر کیں۔


دونوں نے ٹوئٹر پر ایک ہی پیغام میں کہا کہ آج ہم نے ہمیشہ کے لیے ایک دوسرے کے ساتھ رہنے کا وعدہ کیا ہے اور یہ دن ہم دونوں کے علاوہ ہمارے خاندانوں اور مداحوں کے لیے بھی اہم ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق انوشکا اور ویرات کوہلی شادی کی تقریبات مکمل ہونے کے بعد جنوبی افریقا روانہ ہوجائیں گے جہاں کوہلی آنے والی کرکٹ سیریز کی تیاری شروع کریں گے اور انوشکا بھی نئے سال کے جشن میں کوہلی کے ہمراہ ہوں گی۔

فوٹو : سوشل میڈیا

اس کے بعد دونوں جنوری کے پہلے ہفتے میں بھارت واپس آجائیں گے۔

انوشکا اور ویرات کے ترجمان کے مطابق وطن واپسی کے بعد انوشکا شرما ممبئی میں اپنی نئی فلم کے حوالے سے شیڈول مرتب کریں گی جس میں شاہ رخ خان بھی مرکزی کردار ادا کررہے ہیں۔

انوشکا اور ویرات کوہلی کی جانب سے بھارت واپسی کے بعد منعقد کیے والے استقبالیے کا دعوت نامہ بھی منظر عام پر آگیا ہے۔

بھارتی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ ویرات اور انوشکا کی جانب سے 21 دسمبر کو نئی دہلی کے تاج ڈپلومیٹک انکلیو میں استقبالیہ دیا جائے گا جس میں ان دونوں کے رشتے دار اور دوست احباب شریک ہوں گے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اس کے بعد ویرات اور انوشکا ممبئی میں بھی ایک تقریب کا انعقاد کریں گے جس میں خاص طور پر انوشکا کے دوست احباب اور بالی ووڈ شخصیات شرکت کریں گے۔

loading...
بشکریہ جیو نیوز
یہ بھی ضرور پڑھیں